سی این جی: کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں صارفین کیلئے گیس کا حصول جوئےشیر لانےکےمترادف ہوگیا۔
ملک کے مختلف حصوں میں سی این جی اسٹیشنز کے مالکان کے گٹھ جوڑ نےسپریم کورٹ کا قیمتوں میں کمی کا فیصلہ ہوا میں اڑا دیا ہے اور حیلے بہانے بنا کر سی این جی اسٹیشنز بند کر دیے ہیں۔ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بیشتر سی این جی سٹیشن بند ہیں۔ شہری گاڑیوں کو دھکا لگاتے اور سی این جی کے حصول کیلئے انتہائی پریشانی میں مبتلا ہیں۔ کراچی میں بھی سی این جی نایاب ہوگئی ہے اور بیشتر سٹیشنز بند کردیئے گئے ہیں، جن اسٹیشنز سے سی این جی فراہم کی جا رہی ہے وہاں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ کوئٹہ میں گاڑیوں والے گیس کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں۔ شہر کے گیارہ میں سے صرف تین سی این جی اسٹیشنز پر گیس فراہم کی جا رہی ہے جہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں۔ پشاور میں بھی صورت حال مختلف نہیں شہر بھر کے زیادہ تر سی این جی سٹشینز بند ہیں۔ ایبٹ آباد شہر میں بھی اکا دکا سی این جی اسٹیشنز ہی کھلےہیں جہاں گاڑیوں طویل قطاریں لگی ہیں۔ لاہور، سرگودھا اور ضلع خوشاب میں بھی بیشتر سی این جی اسٹیشن بند رہے جس کا بہانہ بناکر رکشہ اور پرائیویٹ گاڑیوں کے مالکان شہریوں سے من پسند کرائے وصول کر رہے ہیں۔