چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن سپریم کونسل غیاث پراچہ نے مالکان سے گیس اسٹیشن کھولنے کی اپیل کردی۔ کہتے ہیں عدالت نے بیس روپے کم کرنے کو کہا اوگرا نے تیس روپے کم کردیئے۔
آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی سپریم کونسل کے چیئرمین غیاث پراچہ اور پنجاب ایسوسی ایشن کے چیئرمین شجاع انور نے یہ بات لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزارت پیٹرولیم پر تنقید کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اس وقت سی این جی کی قیمت میں پنتیس روپے نواسی پیسے حکومتی ٹیکس ہے جبکہ انیس روپے باون پیسے گیس کی اصل قیمت ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سی این جی کی قیمت موجودہ سطح پر برقرار رہے لیکن سی این جی مالکان کو آپریشنل کاسٹ ملنی چاہیے۔ اوگرا نے سی این جی مالکان کی آپریشنل کاسٹ تو ختم کر دی لیکن اپنے ٹیکسز کم نہیں کئے۔ غیاث پراچہ نے کہا کہ کوئی بھی قانون کسی کو نقصان پرکاروبار کرنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔ غیاث پراجہ نے مالکان سےاپیل کی کہ سی این جی سٹیشنز بند نہ کئے جائیں اور مقررہ نرخوں پر گیس فراہم کی جائے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ عدالتی حکم اور اوگرا قوانین کے مطابق وزارت پیٹرولیم گیس کی لوڈ شیڈنگ کا فیصلہ نہیں کر سکتی اس کی مجاز صرف اوگرا ہے۔