عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں لیکن اصل کام سوچ کو بدلنا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ
دوسری یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عسکریت پسندی کے خلاف لڑ رہے ہیں لیکن اصل کام سوچ کو بدلنا اور ایک دوسرے کے لیے برداشت پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند واقعات کی وجہ سے جنوبی ایشیا کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ اور خطرناک خطہ قرار دیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ افغانستان کی وجہ سے علاقے میں دہشت گردی نے جنم لیا اور اس کے خاتمے کے لیے خطے کو مل کر ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاء میں امن ہوگا تو دنیا کا امن یقینی ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کے بہتر تعلقات سے خطے میں مثبت تبدیلی آئے گی اور دونوں ممالک مسائل کے حل پر توجہ دے رہے ہیں۔ حکومتوں کے درمیان مذاکرات اب عوامی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے کام کررہے ہیں۔