لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ جاری ہے
صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے بیشترمیدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں آ گئے،لاہور، شیخوپورہ، چنیوٹ، گجرات، پنڈی بھٹیاں سمیت بیشتر علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہی۔ شدید دھند کے باعث موٹروے پر اکثر مقامات پر حدنگاہ صفر ہوگئی، دھند کے باعث ایم ٹو موٹر وے کو لاہورسے سیال موڑ تک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد،ایم فور موٹروے کو فیصل آباد سے گوجرہ تک بھی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔ جی ٹی روڈ لاہور سے گجرات تک بھی حدنگاہ دس سے سو میٹر رہ گئی۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق شہری دھند کے دوران غیرضروری سفر سے اجتناب کریں، دوران ڈرائیونگ فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے جبکہ شہری قافلے کی صورت میں سفر کریں۔ ترجمان کے مطابق دوران سفر شہری کسی مشکل کی صورت میں ایمرجنسی نمبر ون تھری زیرو پر رابطہ کرسکتے ہیں۔