مریم نواز کا پاسپورٹ اور7 کروڑ کی رقم ہائی کورٹ میں جمع
لاہور : چوہدری شوگر ملز کیس میں عدالتی حکم پر سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا پاسپورٹ اور سات کروڑ کی رقم ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی تاہم ضمانتی مچلکے تاحال جمع نہ ہوسکے۔ تفصیلات کے مطابق چوہدری شوگر ملز کیس میں عدالتی حکم پر کیپٹن صفدر نے عطا تارڑ اور وکلا کے ہمراہ مریم نواز کا پاسپورٹ اور سات کروڑ کی رقم ہائی کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کروادی۔ اس موقع پر کیپٹن صفدر نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کوئی سیاسی بات نہیں کریں گے کیونکہ وہ عدالتی حکم پر عمل کرنے آئے ہیں انھوں نے کہا کہ مریم کے ساتھ ساتھ آپ لوگوں کو بھی رہائی مبارک ہو۔ دوسری جانب مریم نواز کے ضمانتی مچلکے تاحال جمع نہ ہوسکے، احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان عدالت سے روانہ ہوگئے ہیں ، اگر مچلکے جمع نہ ہوئے تو مریم نواز کی رہائی آج ممکن نہیں ہوگی۔