مریم نواز اور صفدر کا نام ای سی ایل میں نیب نے ڈالا ہے حکومت نے نہیں،فوج کے بغیر انتخابات نہیں ہوسکتے:وزیر داخلہ اعجاز شاہ
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے مقابلے میں دھرنے کو بہتر طریقے سے ڈیل کیا اور کہیں بھی دھرنے کے شرکاء پر طاقت کا استعمال نہیں کیا گیا، دھرنے کے بیشتر شرکا کو معلوم ہی نہیں ان کا مقصد کیا ہے؟ امید ہے دھرنا احسن طریقے سے ختم ہوجائے گا۔۔نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) کے دھرنے کی وجہ سے کشمیر کا معاملہ پیچھے چلا گیا۔ پچاس ہزارسے زائد لوگ دھرنے میں شامل تھے۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسترد شدہ ووٹ کا یہ پتا نہیں چلتا کہ وہ کس امیدوار کے ہیں، کسی الیکشن کا ریکارڈ دیکھ لیں مسترد شدہ ووٹ زیادہ ہوتے ہیں، آرمی کے بغیر الیکشن نہیں ہو سکتے، وزیراعظم کااستعفیٰ، فوج کے بغیرالیکشن دونوں مطالبے نامناسب ہیں۔ پاکستان میں فوج کا کردار بہت واضح ہے، جب تک فوج ہے ملک غیر مستحکم نہیں ہو سکتا۔ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہرملک میں آرمی چیف کا کردار اہم ہوتا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بارحکومت اورفوج ایک پیج پرہیں۔ جنرل باجوہ غلط کوغلط اوردرست کودرست کہنےوالےانسان ہیں۔سابق وزیراعظم کی بیرون ملک روانگی کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا علاج بیرون ملک کرانے کے لیے راستہ نکل سکتا ہے۔ ان کے نام حکومت نے نہیں نیب نے ای سی ایل میں ڈالے ہوئے ہیں۔ نوازشریف،مریم نواز،کیپٹن صفدرکا نام ای سی ایل میں شامل ہے۔ نواز شریف کے علاج و معالجے کے لیے بیرون ملک جانا ضروری ہوا تو راستہ نکل آئے گا، دعا ہے اللہ تعالیٰ نواز شریف کو صحت عطا فرمائے۔ایک اور سوال کے جواب میں اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کیس کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔اپوزیشن کیساتھ مذاکرات کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومتی ٹیم اپوزیشن کےساتھ مذاکرات کررہی ہے۔ بات چیت کا سلسلہ بند نہیں ہونا چاہیے۔ پرامید ہیں دھرنا احسن طریقے سے ختم ہوجائے گا۔ دھرنے کی سیاست کوختم ہونا چاہیے۔