امریکی صدارتی انتخاب،جوبائیڈن کے 264 جبکہ ٹرمپ کے 214 الیکٹورل ووٹ

واشنگٹن:امریکہ کے 46 ویں صدر کے انتخاب کیلئےجوبائیڈن264 الیکٹورل ووٹ کے ساتھ آگے ہیں جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے214ووٹ حاصل کر رکھے ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکہ میں نئے صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے جس میں لاکھوں ووٹرز نے حق رائے دہی کا استعمال کیا جبکہ سو ملین سے زیادہ امریکیوں نے قبل ازوقت ووٹنگ میں حق رائے دہی استعمال کیا جو ریکارڈ ہے ۔صدارتی جنگ میں 74 سالہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور 77 سالہ ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری ہے۔ امریکہ کے 46 ویں صدر کے انتخاب کیلئے 50 میں سے کئی ریاستوں میں پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔جس کے مطابق جوبائیڈن اب تک 264الیکٹورل ووٹ جبکہ ٹرمپ 214الیکٹورل ووٹ لے چکے ہیں،جیت کے لیے امیدوارکو538الیکٹورل ووٹ میں سے 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست مشی گن سے بھی جوبائیڈن کامیاب ہو گئے، جوبائیڈن نے مشی گن سے 16الیکٹورل ووٹ حاصل کئے تاہم 5 اہم ریاستوں کے نتائج کا تاحال انتظار ہے۔ ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ ایک بڑی کامیابی ہوگی،ہم جیت رہے ہیں،صدارتی الیکشن میں ٹرن آوَٹ غیر معمولی تھا،نتائج سامنے آرہے ہیں، ہم جیت رہے ہیں، میں امریکہ کا وہ صدر ہونگا جو سب کی نمائندگی کرے گا،ہماری جیت امریکا اور جمہوریت کے لیے ہوگی،جیت رہے ہیں لیکن ابھی اعلان نہیں کریں گے،یقین رکھیں جیت ہماری ہوگی۔ دوسری جانب مشی گن اورپینسلوینیاکےبعدٹرمپ کی مہم چلانے والی ٹیم نےریاست جارجیا کے کچھ علاقوں میں ووٹوں کی گنتی رکوانےکی کوشش میں ٹرمپ کی ٹیم نےمقدمہ دائرکردیا۔مقدمے میں الزام لگایا گیا کہ چیتھم کاؤنٹی میں رپبلیکن پارٹی کے ایک مبصر نے دیکھا کہ ایک اہلکار ڈاک کے ذریعے تاخیر سے آنے والے 53 بیلٹس کو ایسے بیلٹس میں شامل کر رہا ہے جو وقت پر پہنچے تھے۔ خیال رہے کہ امریکہ بھرمیں مظاہرین کامطالبہ ہے کہ "ہر ووٹ کی گنتی کرو"۔ٹیکساس میں ڈیلاس سٹی ہال کے باہر مظاہرین جمع ہوگئےجبکہ ینسلوینیا میں فلاڈیلفیا کنوینشن سینٹر کے باہر بھی درجنوں لوگ جمع ہو گئے جنہوں نے ٹرمپ مخالف پوسٹر اٹھارکھےہیں جبکہ بلیک لائیوزمیٹرتحریک کےمظاہرین بھی سڑکوں پر آ گئے۔