پاک بحریہ کے جہاز کا ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے دوران جبوتی کا دورہ
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے دوران جبوتی کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بندرگاہ آمد پر جبوتی بحریہ کے حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال کیا، کمانڈنگ آفیسر پی این ایس ذوالفقار نے میزبان بحری حکام سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر کمانڈر جبوتی بحریہ اور کوسٹ گارڈز کے ساتھ پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دورہ کے اختتام پر جبوتی کوسٹ گارڈز کے ساتھ مشترکہ بحری مشق کا انعقاد بھی کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مشق کا مقصد مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت اور باہمی تعاون کو مزید بہتر بنانا تھا۔ پاکستان اور جبوتی کی بحری افواج کے مابین دوطرفہ روابط دونوں برادر ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ جبوتی میں قیام کے دوران، مختلف ممالک کے سفیروں، دفاعی اتاشی، جبوتی کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت کے ساتھ مقامی اور پاکستانی کمیونٹی نے بھی جہاز کا دورہ کیا، اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔