نیب نے شہباز شریف کو گرفتار کر لیا۔
قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور نے آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ اسکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو گرفتار کرلیا ،شہباز شریف صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں نیب کو بیان ریکارڈ کروانے گئے تھے، شہباز شریف کو ہفتہ کو لاہور کی احتساب عدالت پیش کر کے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا،سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو گرفتار ملزم فواد حسن فوادکے بیان کی روشنی میں گرفتار کیا گیا ہے، آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ اسکینڈل میں حکومت پنجاب کی طرف سے من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دینے کا الزام ہے، نیب نے شہباز شریف کی گرفتاری سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو آگاہ کر دیا ہے۔جمعہ کو نیب ترجمان کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ اسکینڈل میں گرفتار کرلیا گیا ہے اور انہیں ہفتہ کو احتساب عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ نیب ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں نیب کو بیان ریکارڈ کروانے گئے تھے اور صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں انکا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا ۔ نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی گرفتاری آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ اسکینڈل میں من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دینے کے نتیجے میں عمل میں لائی گئی ہے، شہبازشریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ اسکیم کا ٹھیکہ ٹینڈر جیتنے والی کمپنی کے مالک پر دباﺅ ڈال کر واپس لیا اور اپنی من پسند کمپنی کو یہ ٹھیکہ دیا، جس کی وجہ سے ناصرف منصوبے میں تاخیر ہوئی اور منصوبے کی لاگت بڑھ گئی بلکہ منصوبے کے اجراءمیں بھی بے ضابطگی ہوئی،جس کمپنی سے فواد حسن فواد اور دیگر افسران نے دباﺅ ڈال کر یہ ٹھیکہ واپس لیا اس کمپنی کے مالک نے نیب لاہور میں ایک درخواست دی جس پر نیب نے کاروائی کرتے ہوئے آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ اسکینڈل میں باضابطہ طور پر انکوائری شروع کی تھی، جب فواد حسن فواد کو اس اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا تو اس نے نیب کے سامنے ایک ہی موقف رکھا کہ جو کچھ بھی میں نے کیا وہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے حکم پر کیا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے اس کیس میں پہلے بھی بیانات ریکارڈ کئے گئے لیکن اب کی بار شہباز شریف جب بیان ریکارڈ کروانے نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے تو اس وقت انہیں بتایا گیا کہ آپ کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے شہباز شریف کی گرفتاری سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو آگاہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب شہباز شریف نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کی خدمات حاصل کرلی ہیں جو ان کی طرف سے احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔