آج وہ لوگ جیل میں ہیں جنہوں نے عوام کی خدمت کی: مریم اورنگزیب
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سیاسی قیدیوں کو جرم ثابت ہوئے بغیر قید میں رکھنے کی شدید مذمت کی۔ان کا کہنا تھا کہ سعد رفیق ، سلمان رفیق ، مفتاع اسماعیل، رانا ثنااللہ ، شاہد خاقان ، حمزہ شہباز اور مریم نواز کا ٹرائل ہو رہا ہے اور کوئی جرم ثابت نہیں ہوا،آج وہ لوگ جیل میں ہیں جنہوں نے پاکستان کے عوام کی خدمت کی ، کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ، آج یہ سب پاکستان کی عوام کے ضمیر کے قیدی ہیں،یہ لوگ بغیر کسی الزام کے ثابت ہوئے جیل میں ہیں ، کیونکہ وہ سیاستدان ہیں اور اِن کا تعلق نواز شریف سے ہے، نوازشریف اور ان کے ساتھیوں پر نیب نے سرکاری وسائل کی کسی قسم کا کوئی بدعنوانی کا الزام نہیں لگایا،نواز شریف تین دفعہ ملک کے وزیراعظم رہے لیکن سرکاری خزانے کی کرپشن کا ایک الزام بھی نہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی اسیروں کے بے گناہی کا سب سے بڑا ثبوت نیب کے اپنے الزامات اور ثبوت کا نہ ہونا ہے،مریم نوازشریف کا اصل قصور نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہونا ہے ، نیب کا الزام ہےکہ دادا نے جائیداد میں حصہ کیوں دیا؟ پہلے چار مہینے اور اب 60 دن سے زیادہ سے جیل میں ہیں،سعد رفیق نے ریلوے کو نئی زندگی دی، ایک سال سے ذاتی کاروبار کے الزام پرعقوبت خانے میں ہیں،حمزہ شہباز پرایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی پانچ مہینوں سے جیل میں ہیں،خواجہ سلمان رفیق ایک سال سے ذاتی کاروبار کے الزام پر جیل میں ہیں جبکہ شاہد خاقان عباسی پہ بطور وزیر اور وزیراعظم اختیار سے تجاوز کرنے کا جھوٹا الزام ہے وہ 90دن سے زیادہ جیل میں ہیں،رانا ثناءاللہ پر جعلی مقدمہ ، منشیات کی برآمدگی کی وڈیو اور کوئی بھی ثبوت نہیں اور 100 دن سے زیادہ سے جیل میں ہیں،مفتاح اسماعیل کو تو کسی الزام کہ بغیر 60 دن سے زیادہ جیل میں ہوگئے ہیں اور قصور صرف نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یوسف عباس کا قصور نواز شریف کے بھائی کا بیٹا ہونا ہے ،فواد حسن فواد ، احد چیمہ ایک سال سے جیل میں ہیں اور ان پرسرکاری پیسہ کی ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں ، قصور نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ دن رات محنت کرنے کا ہے،سیاسی انتقام پر کاربند نالائق حکومت آج تک اپنے جھوٹے الزامات کا ایک ثبوت نہیں دے سکی،ان سب کا اصل قصور نوازشریف کو اپنا قائد ماننا ہے،پاکستان کی خدمت کرنے والے یہ سب لوگ نالائق وزیراعظم کے ذاتی حسد اور انتقام کی وجہ سے گرفتار ہیں،فسطائی آمرانہ حکمرانوں نے سیاسی اسریوں سے کھانا، دوائی، علاج، تکیہ اور چادر تک چھین لئے ہیں،سیاسی انتقام کی انتہاءہے کہ جیل مینوئل کے تحت قیدیوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی جاری ہے،سچ چھپانے کے لئے اپوزیشن جیل میں اور میڈیا کی آنکھیں اور زبان بند کی جارہی ہے،اپوزیشن پر جعلی مقدمات اور قید خانوں سے عوام کے حقوق کی جنگ سے دستبردار نہیں ہوں گے۔