پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل: خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14اکتوبر تک توسیع
پیراگون ہاؤسنگ کیس میں گرفتار خواجہ برادران کو لاہور کی احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ احتساب عدالت لاہورکے جج جواد الحسن نے خواجہ برادرن کے خلاف ریفرنس پر سماعت کی ۔دوران سماعت جج جواد الحسن نے سیلفیاں لینے پر برہمی کا اظہار کیا اور خواجہ سعد کے وکیل کو ہدایات دیں کہ عدالت کے احترام کا خیال رکھا جائے ، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کمرہ عدالت میں کوئی سیلفی نہ لے، اگر کسی نے سیلفی بنائی تو میں نوٹس لوں گا۔اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے تقابلی جائزہ رپورٹ پیش کی ،عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈمیں 14 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔ واضح رہے کہ11 دسمبر 2018 کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا تھا۔ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔