عمرہ زائرین کے لیے سعودی وزارت صحت کے اہم مشورے
ریاض: سعودی وازرت صحت کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے اہم مشورے جاری کر دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ عمرے کے لیے مکہ آنے والے زائرین کی صحت پر وہ نظر رکھے ہوئے ہیں، مسجد الحرام کے اطراف قائم صحت اداروں میں تمام سہولتیں مہیا کی جا چکی ہیں۔ سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے عمرہ زائرین کو 4 اہم مشورے بھی دیے ہیں۔ انھوں نے کہا عمرہ زائرین موسمی انفلوئنزا ویکسین سمیت تمام ضروری ویکسین لینے کے بعد مقدس شہر کا رخ کریں۔ کوئی بھی عمرہ زائر دوسرے کی نجی اشیا استعمال کرنے سے پرہیز کرے۔ تمام زائرین حفاظتی ماسک کی پابندی کریں اور اپنے دونوں ہاتھ پابندی سے دھوتے رہیں۔ تمام عمرہ زائرین ایک دوسرے سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔