پولیس ریسپانس یونٹ کی گاڑیوں میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ٹیبلٹس متعارف
پنجاب سیف سٹیزاتھارٹی میں پولیس ریسپانس یونٹ کی گاڑیوں میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ٹیبلیٹس لگانے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر اور چیف آپریٹنگ آفیسر محمد کامران خان نےافتتاح کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کیپٹن(ر) سہیل چوہدری،سی ٹی او منتظر مہدی،ایس پی ڈولفن سکواڈ و پیرو راشد ہدایت، ایس پی آئی سی تھری محمد عاصم جسرا و دیگر سینئر پولیس افسران اس موقع پر موجود تھے۔ افتتاح کے موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد کامران خان نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو ای ٹریفک ایپ اور جدید ٹیکنالوجی کی حامل ٹیبلٹس کی ورکنگ بارے بریفنگ دی ان کا کہنا تھا کہ لاہور ٹریفک پولیس کے تعاون سے ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں کو پکڑنے کا سلسلہ جاری ہے اب ای ٹریفک ایپ کی مدد سے ایم ٹی ڈی ہینڈ سیٹ رکھنے والے تمام ٹریفک وارڈنز ای چالان نادہندہ گاڑیوں کا ریکارڈ چیک کر سکیں گےجبکہ پی آر یو گاڑیوں میں موجود پولیس اہلکار جدید ٹیکنالوجی کی حامل ٹیبلٹس میں موجود ایپ کی مدد سے کیمروں کی لائیو مانیٹرنگ سمیت ایکسائزریکارڈ ،اشتہاری ملزمان کا ریکارڈاور ای چالان ڈیفالٹرگاڑیوں کو با آسانی چیک کر سکیں گے۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر اور سی اواو محمد کامران خان نے میڈیا سے گفتگو بھی کی ۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ کریمینل ریکارڈ، ای چالاننگ ڈیٹا و دیگر اہم معلومات جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرکے لا اینڈ آرڈر اور کرائم کنٹرول میں بہتری لائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ ٹیبلٹس ابتدائی طور پر پولیس ریسپانس یونٹ کی 8 گاڑیوں میں نصب کئے گئے ہیں جبکہ ان گاڑیوں پر تعینات پی آر یو افسران و اہلکاروں کو ان ٹیبلٹس کو آپریٹ کرنے کی تربیت فراہم کی گئی ہے۔سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے مزید کہا کہ پولیس ریسپانس یونٹ کی گاڑیوں میں نصب یہ ٹیبلٹس ہمہ وقت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ساتھ منسلک ہیں اور دوران پٹرولنگ یا سنیپ چیکنگ کے دوران ضرورت پڑنے پر کسی بھی شخص یا گاڑی کی مانیٹرنگ،کریمینل ریکارڈ اور ڈیٹا چیکنگ،جرائم پیشہ و اشتہاری مجرمان کی لوکیشن اور ٹریسنگ،بلیک لسٹ اور چوری شدہ گاڑیوں کی تفصیلات ان ٹیبلٹس میں دستیاب ہونگی۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ پولیس ریسپانس کے گاڑیوں میں نصب لائیو ویو کیمروں سے جلسے جلوسوں اور لا اینڈ آرڈر صورتحال میں مشتبہ و قانون شکن عناصر، مشکوک گاڑیوںکی مانیٹرنگ اور ٹیبلٹس پر دستیاب ڈیٹا سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر 8 گاڑیوں پر نصب ٹیبلیٹس کی کارکردگی کا جائزہ لے کر موجودہ سہولیات میں بہتری لائی جائے گی جبکہ اس سہولت کا دائرہ کار پی آر یو کی باقی وہیکلز تک بھی بڑھا دیا جائے گا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر محمد کامران خان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کو ایم ٹی ڈی ہینڈسیٹ میں ای ٹریفک کے نام سے ایپ بھی فراہم کر دی گئی ہے جس کے ذریعے ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں کا ریکارڈ چیک کر سکتے ہیں ۔ شہریوں کی سہولت کے لئے مربوط ٹریفک انتظامات کیے جا رہے ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور پولیس کو ڈیمانڈ کے مطابق سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی پر مشتمل سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔