ملک بھرمیں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ۔ کشمیر، سندھ، پنجاب اور گلگت بلتستان میں آج بھی بادل جم کر برسے
ملک بھرمیں بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہا اور لاہور سمیت اکثر مقامات پررم جھم نے جہاں موسم خوشگوار کردیا وہیں نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ ندی نالے بھی بپھر گئے۔ بارشوں کے باعث سب سے زیادہ نقصان آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد ميں ہوا جہاں نصیرآباد کی یونین کونسل مچھیارہ میں سیلابی ریلے میں دوخواتین اورچار بچوں سمیت بارہ افراد بہہ گئے جن میں سے تین کی لاش نکال لی گئی ہیں۔ حکام نےباقی تمام افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق بھی کی ہے جبکہ شاہراہ نیلم، شاہراہ جہلم، برارکوٹ روڈ اور لنک روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔سڑکوں سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے تاہم راستے بند ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب گوجرانوالہ میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا تاہم متعدد مقامات پر پانی کھڑا ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسکردو، استور اور چلاس سمیت گلگت بلتستان کے دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات اور چترال میں ہلکی بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔