سندھ میں بلدیاتی نظام آرڈیننس پر پی پی اور ایم کیو ایم کا اتفاق ہوگیا لیکن دیگر اتحادی جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کردیا۔
بلدیاتی نظام آرڈیننس پر غور کرنے کے لیے اتحادی جماعتوں کا اجلاس وزیراعلی ہاؤس کراچی میں ہوا جس کی صدارت سینئر وزیرپیر مظہرالحق نے کی۔ اجلاس میں مسلم لیگ فنکشنل کے امتیاز شیخ، مسلم لیگ ق کے حلیم عادل شیخ اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیر نواب نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے ساتھ وفاق اور سندھ میں اتحادی جماعتوں نے ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان بلدیاتی نظام آرڈیننس کے مسودے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس کو جوں کا توں ماننے سے انکار کردیا۔ اس موقع پر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنی تجاویز بھی پیش کیں ۔وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والے علامیہ کے مطابق پیر مظہرالحق بلدیاتی نظام آرڈیننس کے مسودے پر اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائیگا۔ اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا کہ امید ہے کہ ان کی تجاویز کو اسی طرح اہمیت دی جائیگی جس طرح ایم کیو ایم کی تجاویز کو اہمیت دی جاتی ہے۔