سابق صدر آصف علی زرداری نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ظلم اور بربریت کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دے دیا
پیپلزپارٹی کے رہنما آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں پر جاری ظلم اور بربریت کی مذمت کے لیے الفاظ کافی نہیں ہیں۔ بین الاقوامی برادری اپنی ذمہ داری ادا کرے اور میانمار میں مسلمانوں کا قتل عام رکوائے۔ مسلمانوں پر ظلم و ستم بند نہ ہوا تو عسکریت پسندوں کے لیے جگہ پیدا ہو گی۔ سابق صدر نے کہا کہ مسلم اقلیت کی نسل کشی پر میانمار کی لیڈر آنگ سان سوچی کی خاموشی حیران کن ہے۔ آنگ سان سوچی نے امن اور انسانی حقوق کی جدوجہد پر نوبل ایوارڈ حاصل کیا۔ لیکن قتل عام رکوانے میں ان کی عدم دلچسپی اور نااہلیت اس مطالبے کو تقویت دے رہی ہے کہ ان سے نوبل ایوارڈ واپس لیا جائے۔ آصف علی زرداری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو پرزور طور پر میانمار کی حکومت اور بین الاقوامی برادری کے سامنے اٹھائے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کو بھی ہدایت کی کہ وہ یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں۔