قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی بلاامتیاز اور بلا رو رعایت ہوگی۔سردار عثمان بزدار

Sep 05, 2018 | 16:19

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں قبضہ گروپوں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق قبضہ مافیا اورتجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کا فیصلہ کیا گیاہے۔

آپریشن بااثر اور طاقتور مافیا سے شروع ہوگا۔ قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی بلاامتیاز اور بلا رو رعایت ہوگی۔ ایل ڈی اے کے زیر انتظام 22 پٹرول پمپس کی لیز کی نیلامی کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔ پٹرول پمپس کی لیز کی نیلامی کے طریقہ کارپر سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق عملدر آمد کیا جائے ۔ تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے نیلامی کے عمل کو مکمل کیا جائے۔  نیلامی کا تمام عمل شفاف اورسپریم کورٹ کے فیصلے کے عین مطابق ہونا چاہیے۔ پلاٹس یا اراضی پرانفرادی قبضے کی شکایات کے ازالے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کیا۔ اس ٹاسک فورس کے قیام سے ایسے شہریوں کو ریلیف مل سکے گا جن کے پلاٹس پر قبضے ہوئے ہیں ۔ ایسے پلاٹس کے قبضے اصل مالک کو واپس دلانے کیلئے مربوط میکانزم بنایا جائے گا۔ ایل ڈی اے میں تعینات لاہور پولیس کی نفری کو تبدیل کرنے کا حکم دیا۔ پرانی نفری بدل کر نئے پولیس اہلکاروں کو تعینات کیاجائے۔

میاں محمود الرشید  نے کہا کہ شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ایل ڈی اے کو ایک موثر ادارہ بنائیں گے۔ ہر مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ پولیس ،ایل ڈی اے اور متعلقہ ادارے وزیراعظم عمران خان کے عوامی خدمت کے وژن کو مربوط انداز میں آگے بڑھائیں۔

ڈی جی ایل ڈی اے نے قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے مجوزہ پلان کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی جی پی آر اور ڈی جی ایل ڈی اے کی اجلاس میں شرکت کی۔ 

مزیدخبریں