5سال میں پشاور کراچی پٹڑی کو ہائی سپیڈ ٹریک بنا دیں گے: شیخ رشید
اسلام آباد (خبر نگار) وزیر ریلوے شیخ رشید اور جنوبی کوریا کے وزیر ریلوے کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔ کورین وزیر نے گلوبل انفراسٹرکچر تعاون کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ ریل انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے سر مایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں، کورین ریل کمپنیاں پاکستان ریلوے کے منصوبوں سے استفادہ کریں۔ ملاقات میں شیخ رشید نے کورین وفدکو پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کی دعوت دی اور کہا پاکستان ریلوے کو کوریا کی طرز پر جدید ترین ٹرانسپورٹ بناناچاہتے ہیں، کوریا کی پیشہ وارانہ مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کراچی سے پشاور تک ٹریک کو 5سال میں ہائی سپیڈ ٹریک میں تبدیل کریں گے۔