سعودی عرب: اے ٹی ایم مشین اکھاڑ نے والے ملزمان گرفتار
سعودی پولیس نے ایک ہفتہ قبل اے ٹی ایم مشین اکھاڑنے والے ملزمان کو حراست میں لیتے ہوئے لوٹی ہوئی رقم برآمد کر لی۔ سعودی عرب کے علاقے عسیر کی پولیس ترجمان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ گذشتہ ہفتے عسیر شہر کے تنومہ محلے میں سڑک پر نصب نجی بینک کی اے ٹی ایم اکھاڑ کر لے جانے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا اور ان سے لوٹی ہوئی رقم بھی قبضہ میں لے لی گئی ۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی گئی جس کے بعد آپریشن کر کے انہیں گرفتار کیا گیا ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ دونوں ملزمان سعودی شہری ہیں جن کی عمریں 30 برس کے قریب ہیں۔ان کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرکے پراسیکیوشن جنرل کے حوالے کر دیا گیا جہاں مزید تحقیقات جاری ہیں۔