آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی و اماراتی وزرائے خارجہ کی ملاقات
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پاک فوج کے شعبہ ذرائع عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے سعودی وزیرمملکت برائے خارجہ عادل الجبیر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہان نے ملاقات کی، ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیاگیاجبکہ باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی یکطرفہ اقدامات سے پیداصورتحال کے حل کیلئے حمایت کایقین دلایا، جبکہ آرمی چیف نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے خصوصی اسٹریٹیجک اوربرادرانہ تعلقات پرفخرکا اظہار کیا۔