پاکستان افغانستان میں امن کا خواہشمند ہے:وزیر داخلہ شیخ رشید
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہشمند ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج پاک افغان طورخم سرحدی گزر گاہ پر سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے کئے گئے دورے کے بعد کیا۔وفاقی وزیر نے اطمینان کا اظہار کرتے کہا کہ سرحد کی دونوں جانب سے تجارت اور دیگر سرگرمیاں خوش اسلوبی سے جاری ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد دوطرفہ تجارت میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کی جامع پالیسی کے اطلاق کے بعد سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ افغانستان میں بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا یہ پیغام بالکل واضح ہے کہ پاکستان کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں کرنے دے گا اور دوسرے ملکوں سے بھی یہی توقع رکھتا ہے