مرتضی سولنگی سے ایرانی سفیر کی ملاقات

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی سے پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مغدم نے ملاقات کی۔ پاکستان میں عام انتخابات سے متعلق امور پر بھی بات ہوئی، مرتضی سولنگی نے کہا نگران حکومت کا بنیادی مینڈیٹ انتخابی عمل میں معاونت اور نگرانی کرنا ہے،پرامن انتخابات کا انعقاد ہماری ترجیح ہے، ایرانی سفیر نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے قوانین اور آئین کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ملاقات میں فریقین میں باہمی دلچسپی کے امور، دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات، میڈیا کے شعبہ میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، ثقافتی، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ایران کے سفیر نے مرتضی سولنگی کو نگران وفاقی وزیر اطلاعات کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔نگران وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاکستان اور ایران گہرے مذہبی، ثقافتی اور لسانی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتیں اپنے عوام کی بہتری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے قریبی تعاون کو فروغ دے رہی ہیں۔ وزارت سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ایران کے ساتھ میڈیا اور ثقافتی وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا گیا ہے ۔نگران وزیراطلاعات نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون وقت کی ضرورت ہے،پاکستان ایران کے ساتھ فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر ایرانی سفیر نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال کو ایران میں قومی شاعر کا مقام حاصل ہے، ایرانی باشندے برصغیر کے عظیم شاعر علامہ اقبال کو بہت عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ ایران کے ساتھ مل کر علامہ اقبال پر فلم تیاری کی جائے گی،فارسی زبان کے ساتھ ہمارا تعلق بہت پرانا ہے،علامہ اقبال اور سچل سرمست کے فارسی زبان کے کلام میں بڑی مماثلت ہے،سچل کو سات زبانوں میں فکر سخن کے باعث شاعر ہفت زبان کا لقب حاصل ہے۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ علامہ اقبال اور سچل سرمست سمیت فارسی کے دیگر شعراکرام کی ادبی تخلیقات کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون ضروری ہے،اکادمی ادبیات پاکستان اور خانہ فرہنگ ایران اس ضمن میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبہ میں تعاون ناگزیر ہے،ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور اسلامک ری پبلک نیوز ایجنسی (ارنا)کے درمیان تعاون پر مبنی مفاہمت کی یادداشت پر پہلے ہی دستخط ہو چکے ہیں۔مرتضی سولنگی نے کہا کہ ٹیلی وژن، فلمز، سینما، ادبی اور لسانی اداروں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لئے اس طرح کے کئی معاہدے زیر بحث ہیں ،یہ معاہدے ہماری ثقافت اور روایات کو حقیقی روشنی میں پیش کرنے میں مدد دیں گے، نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے ایرانی سفیر کو پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے اقدامات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کا بنیادی مینڈیٹ انتخابی عمل میں معاونت اور نگرانی کرنا ہے،پرامن انتخابات کا انعقاد ہماری ترجیح ہے۔، ایرانی سفیر نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے قوانین اور آئین کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ایران کے سفیر نے علاقائی تعاون میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات کی دلچسپی کو سراہا اور اپنی حمایت کا اعادہ کیا