لاہور: نیب کا حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے چھاپہ، پولیس اور لیگی کارکنان میں جھڑپ
لاہور: نیب نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے 24 گھنٹے میں شہبازشریف کی رہائش گاہ کا دوسری بار چھاپا مارا اور محاصرہ کیا ہوا ہے۔ نیب کی ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی ماڈل ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ 96 ایچ کا دوبارہ محاصرہ کرلیا ہے۔ نیب ٹیم کے ہمراہ پولیس اور اینٹی رائٹس فورس کی نفری ہے جب کہ رینجرز کے دستے اور خوتین اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی شہبازشریف کی رہائش گاہ پہنچ گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے حمزہ شہباز کی گرفتاری کےلیے سیڑھی بھی منگوائی گئی ہے۔ پولیس اور لیگی کارکنان میں جھڑپ پولیس نے شہبازشریف کی رہائش گاہ 96 ایچ آنے والے راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کررکھا ہے۔ حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے نیب کے چھاپے کی خبر ملتے ہی مسلم لیگ (ن) کے کارکنان ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے اور پولیس کی جانب سے رکاوٹیں عبور کرنے کی کوشش کی جس پر پولیس اور لیگی کارکنان کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی ہے اور پولیس نے کارکنان کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔