قومی ایئرلائن کے دو پائلٹس میں کوروناکی تصدیق ہوگئی
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے کینیڈا سے وطن واپس آنے والے دو پائلٹس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے، دونوں متاثرہ کپتانوں کو لاہور کے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کے مطابق پی آئی اے کے دو پائلٹس اور عملے کے دیگر تین ارکان کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے دونوں پائلٹس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ دونوں پائلٹس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں لاہور کے نجی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انکی حالت بہتر ہے جبکہ منفی ٹیسٹ کے حامل عملے کے دیگر تین ارکان کو 15 دن الگ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے مزید 4 افراد انتقال کر گئے، جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد اب تک 47ہوگئی۔
کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹے میں کورونا کے مزید 179کیسز سامنے آگئے ، مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوزکر گئی ہے جبکہ ملک میں اب تک 170 افراد مکمل صحتیاب ہو چکے ہیں۔