بیروزگار مزدوروں میں راشن تقسیم پر پابندی لگانا ظلم ہے۔سرفراز افضل

مسلم لیگ ن یوتھ ونگ پنجاب کے سیکرٹری جنرل اورسابق مشیر وزیراعلیٰ چوہدری سرفراز افضل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے مخیر حضرات این جی اوز اور سیاسی کارکنان پر ضرورت مند بے روزگار دیہاڑی دار لوگوں میں راشن تقسیم پر پابندی لگانا ظلم ہے۔ غربت اور افلاس کی وجہ سے لوگ مظاہرے کرنے پر مجبور ہیں حکومت یہ نوٹیفکیشن فی الفور واپس لے۔ انہوںنے اپنے بیان میں کہا کہ ایک طرف حکومتی وزرا ء ایم این اے ایم پی اے نظر نہیں آرہے اور دوسری طرف ان حالات میں اگر کچھ لوگ اپنی مدد آپکے تحت سیاسی ومذہبی وابستگی سے ہٹ کر انسانیت اور پاکستانیت کی خاطر اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کی مدد کی کوشش کررہے ہیں تو ان پر پابندی لگا دینا اور یہ دھمکی دینا کہ اگر کوئی خود سے امدادی کام کرے گا تو اسے گرفتار کرکے اس پر فوجداری مقدمہ چلایا جائے گا ظلم و بربریت ہے ۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ خدارا حکومت ہوش کے ناخن لے اور اس وقت جب ایک طرف کورونا اور دوسری طرف بھوک نے پاکستان اور پاکستانی عوام کو شکنجے میں جکڑ رکھا ہے ایسے میں ریاست ماں کا کردار ادا کرے ۔ انہوںنے کہا کہ یہ پابندی لگانا سمجھ سے بالاتر ہے عوام پُوچھ رہی ہے کیا یہ ہے نیا پاکستان جس میں عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا ۔