جہانگیر ترین نے چینی بحران رپورٹ کو سیاسی رپورٹ قرار دے دیا
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور جہانگیر ترین کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے ۔جہانگیر ترین نے چینی بحران رپورٹ کو سیاسی رپورٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعظم خان مسلسل وزیراعظم عمران خان کو نقصان پہنچا رہے ہیں،چینی رپورٹ کے پیچھے اعظم خان کا کردار ہے ،اس پورٹ کے پیچھے اعظم خان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی کو چینی مہنگی کرنے کی دھمکی دینے کی باتیں بے بنیاد ہیں،تحقیقاتی کمیٹی بنیادی سوالات کے جوابات دینے میں ناکام رہی ،گنے کی سپورٹ پرائس بڑھنے سے چینی کی قیمت میں اضافہ ہوا،180 روپے سپورٹ پرائس سے ایکس مل ریٹ 65 روپے بنتا ہے ،چینی برآمد کرنے کا فیصلہ اس صورت غلط ہوتا جب چینی کا اسٹاک نہ ہوتا۔ واضح رہے کہ 4 اپریل کو گندم اور چینی بحرا ن پر ہونے والی تحقیقاتی رپورٹ ایف آئی اے کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو پیش کی گئی ۔ جس میں انکشاف کیا گیا کہ چینی کے بحران کا سب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا۔ جبکہ فائدہ اٹھانے والوں میں دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے رشتہ دار ہیں ،اس کے علاوہ حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں کا پیسے بنانے میں تیسرا نمبر رہا ہے۔