ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کی تعیناتی کیس:فریقین کو نوٹس جاری، جواب طلب
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل ریٹائرڈ آصف زمان کی تعیناتی کے خلاف کیس میں فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔یاد رہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کی گئی ہے جس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت میں ہوئی ہے ۔ عدالت نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا،کرنل ریٹائرڈ آصف زمان، سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ اور سیکریٹری اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن و دیگر کو کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ۔درخواست شہری محمد اختر کی جانب سے ایڈووکیٹ راجہ بلال اختر نے عدالت کے سامنے پیش ہوکرموقف اپنایا کہ ان کی جانب سے سپورٹس بورڈ رولز 2020 کو چیلنج کیا گیا جو سپورٹس بورڈ آرڈیننس کی خلاف ورزی ہے ۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ بورڈ کا اختیار ہے تو بورڈ نے ہی رولز بنائے ہیں اس میں کیا غلط ہے ؟ درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ ڈی جی سپورٹس بورڈ کی تعیناتی وفاقی حکومت کا اختیار ہے سال 2002 کے رولز ختم ہو گئے اب 2020 کے رولز بنے ہیں ۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہاکہ وفاقی حکومت صرف بورڈ تشکیل دے سکتی ہے رولز نہیں بنا سکتی رولز بورڈ نے بنانے ہیں،پاکستان سپورٹس بورڈ کے 2020 کے رولز درست ہیں ، اس میں درخواست گزار کا کیا مفاد ہے ؟۔وکیل نے جواب دیا کہ ان کے موکل ایک کمپنی کے منیجر ہیں، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کی تعیناتی میں پراسس کی پیروی نہیں کی گئی۔بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین نوٹس جاری کرکے دو ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔