بھارتی فورسز نے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع سے دو لڑکیوں کو گرفتار کر لیا
بھارتی فورسز نے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع سے دو لڑکیوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ آری باغ نوگام سے گرفتار ہونے والی تبسم مقبول اور انجم یونس پر سری نگر میں بی جے پی رہنما پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے ۔ دونوں لڑکیوں کیخلاف نوگام پولیس تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔کے پی آئی کے مطابق یاد رہے چار روز قبل سری نگر میں بی جے پی رہنما کے گھر پر حملہ ہوا تھا حملے میں ایک پولیس اہلکار مارا گیا تھا۔ادھرپولیس نے بڈو باغ خانیارمیں سڑک کے قریب ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے ۔ سوپور میں فورسز نے ایک نوجوان احسان الحق کھانڈے کو اسلحہ اور گو لہ بارودسمیت گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ صوبہ جموں میں ضلع سانبہ کے ڈیرا گاوں میں منگل کو تین زنگ آلود بارودی سرنگوں کو بر آمد کرنے کا دعوی کیا گیا۔ راجوری میں ایک فوجی ہسپتال کے نزدیک ایک مشکوک بیگ پائے جانے کے بعد ہائی الرٹ کر دیا گیا۔