عوامی نیشنل پارٹی کا اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان افسوسناک ہے: مریم اورنگزیب
مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کا اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان افسوسناک ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اے این پی نے جمہوریت کے لیے طویل قربانیاں دی ہیں، پی ڈی ایم کا اتحاد بڑے مقصد کے لیے ہے۔ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ 10 جماعتوں کا اتحاد اعتماد پر قائم ہے، اے این پی کا پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان افسوس ناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں فیصلہ ہوا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ ن لیگ کا ہوگا، اپوزیشن اتحاد کی جدوجہد بلوچستان عوامی پارٹی(بی اے پی)جیسی جماعتوں کے خلاف ہے۔مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ اسی بی اے پی سے پیپلز پارٹی نے ووٹ لیا اور اپنے اس اقدام پر پی ڈی ایم کو اعتماد میں بھی نہیں لیا۔انہوں نے کہا کہ اے این پی اور پی پی نے سینیٹ اپوزیشن لیڈر کے لیے ووٹ لینے کی بات پی ڈی ایم میں نہیں رکھی ہے۔ن لیگی ترجمان نے کہا کہ اگر پی پی میاں نواز شریف سے یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کی بات کرتے تو نواز شریف انکار نہیں کرتے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ مسلم لیگ(ن) اور اے این پی کا معاملہ نہیں ہے، پی ڈی ایم سربراہ کی ہدایت پر شاہد خاقان عباسی نے وضاحت طلب کی۔ان کا کہنا تھا کہ آپ نے بی اے پی سے ووٹ کیوں لیے آپ اس کی وضاحت کردیتے۔