تبدیلی نہ لاسکے تو حشر ایم ایم اے اور اے این پی سے بھی برا ہوگا: عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام نے تبدیلی کیلئے اپنا فیصلہ سنایا اور اگر ہم تبدیلی نہ لاسکے تو حشر ایم ایم اے اور اے این پی سے بھی برا ہوگا۔اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہاکہ میرا مقصد وزیراعظم یا ایم این اے بننا نہیں بلکہ قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک مالی طور پر بحران کا شکار ہے اور ملک کو مالی بحران سے نکالنا ہے جب کہ قرضوں کی ادائیگی کے لیے بیرون ملک پاکستانیوں سے رجوع کریں گے.ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں نے پارٹی کے لیے بڑی محنت کی اور پارٹی کے ابتدائی کارکنوں کی خدمات قابل تحسین ہیں، آپ کو اپنے مقاصد سے نہیں ہٹنا ہے اور عوام نے جس منشور پر ووٹ دیا اسے آگے لے کر چلنا ہے۔