پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کو متفقہ طور پر وزیراعظم نامزد کردیا

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں ہی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے عمران خان کا نام بطور وزیراعظم پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جب تک نیا سپیکر نہیں آجاتا اس وقت تک سپیکر ہاؤس کو اکھاڑہ بنانے سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ آج کے اجلاس میں قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا ذکر تک نہیں ہوا۔اس حوالے سے افواہوں سے گریز کیا جائے۔اس موقع پر ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں ایک سو سولہ نشستیں حاصل کیں۔ نو آزاد اراکین بھی ان کیساتھ مل چکے ہیں۔ خواتین اور اقلیتی نشستیں ملا کر ہمیں ایک سو انچاس اراکین کی حمایت حاصل ہے۔ اتحادی ملا کر یہ مجموعہ ایک سو چوہتر تک پہنچ چکا ہے۔عمران خان کی بطور وزیراعظم نامزدگی کے بعد اگلے مرحلے میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرااعلی کے ناموں کا چناؤ کیا جائے گا۔ جن کا اعلان منگل اور بدھ کے روز متوقع ہے۔