بدعنوانی ایک ناسور ہے جس کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے، چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال

قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے لاہور میں نیب دفتر کا دورہ کیا۔ ڈی جی نیب لاہور نے انہیں میگاکرپشن کے حوالے سے مقدمات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں پنجاب میں پبلک سیکٹر میں کام کرنیوالی56 کمپنیز کیس میں مبینہ بدعنوانی، چیف ایگزیکٹوز کو دی گئی تنخواہوں اور مراعات کا جائزہ لیا گیا۔ وائس پریزیڈنٹ نیشنل بینک عثمان سعید کی مال روڈ برانچ میں مبینہ بدعنوانی، ایزگارڈ نائن اور ایگری ٹیک لمیٹڈ کمپنی کیخلاف انکوائری کا جائزہ بھی لیا گیا۔ چیئرمین نیب کو ڈی ایچ اے سٹی لاہور کیخلاف تحقیقات، خیابان امین ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ فراڈ اور دھوکہ دہی، ای او بی آئی،بنک آف پنجاب کے افسران اور دیگر کیخلاف شیئرز کی خریدو فروخت میں مبینہ طور پر3 ارب روپے نقصان کے سلسلے میں انکوائری پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ مقدمات کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔ اس سلسلہ میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔