ڈیل سٹین نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
جنوبی افریقہ کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر ڈیل سٹین نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔انہوں نے کہا کہ باقی کیریئر میں ون ڈے اور ٹی20 پر فوکس کروں گا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اورکرکٹ کی تاریخ کے ٹاپ ٹین باولر میں شمار کیے جانے والے ڈیل سٹین نے کہا کہ میری رائے میں ٹیسٹ کرکٹ کھیل کا بہترین ورژن ہے، جو آپ کی ذہنی، جسمانی اور جذباتی صلاحیتوں کو آزماتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی ٹیسٹ نہ کھیلنے کا تصور بہت مشکل ہے لیکن دوبارہ کبھی نہ کھیل پانے کی سوچ اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ ہے لہٰذا اپنے باقی کیریئر میں ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی20 پر فوکس کروں گا۔ڈیل سٹین نے 2004 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور آخری ٹیسٹ رواں سال فروری میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔ڈیل سٹین نے 93ٹیسٹ میچوں میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کی اور 22اعشاریہ 95کی اوسط سے 439وکٹیں حاصل کیں، ایک اننگز میں ان کی بہترین بولنگ 51رنز کے عوض 7وکٹیں ہے جبکہ کسی بھی میچ میں ان کی عمدہ باؤلنگ 60رنز دے کر 11وکٹیں ہے۔ انہوں نے کسی بھی ٹیسٹ میں 10 وکٹیں پانچ مرتبہ جبکہ 20 بار 5 وکٹیں لیں۔