بھارت کچھ بھی جتن کرے، کشمیر متنازعہ تھا، ہے اور رہے گا۔ شہبازشریف

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف سے آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں خواجہ سعد رفیق، ڈاکٹر درشن لعل اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہے، بھارت کچھ بھی جتن کرے، کشمیر متنازعہ تھا، ہے اور رہے گا،آزادی کے مہینے میں مودی سرکاری نے بھارت پر غاصبانہ قبضے کی تاریخ دہرائی ہے،جشن آزادی کا حقیقی رنگ کشمیر کی فتح کے بعد ہوگا۔شہبازشریف نے کہا اہل کشمیر کے جذبوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کی جرات تاریخ حریت میں سنہری حروف سے لکھی جارہی ہے، یاسین ملک کی صحت پر شدید تشویش ہے، ہر پاکستانی ان کے لئے فکرمند ہے، کشمیری قیادت کی ہمت اور حوصلہ قابل تحسین ہے، کشمیری خود کو تنہانہ سمجھیں،اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیرنے قائد حزب اختلاف کو آزاد اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بھارت نے ایل او سی پر کلسٹر بم برسائے، عام شہریوں کو نشانہ بنایا،بھارت مقبوضہ کشمیر میں قانونی، سیاسی اور سفارتی لحاظ سے شکست کھاچکا ہے،مودی کو غلط فہمی ہے کہ کشمیری اپنے حق خود ارادیت سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔