پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت سے دستبردار نہیں ہو گا۔اسد قیصر

آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے اس موقع پر بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف بطور احتجاج کالی پٹی باندھ رکھی تھی۔دونوں رہنماوں نے بھارت کی جانب سے دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔اس سے پہلے جب وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچے تو سپیکر قومی اسمبلی نے انہیں خوش آمدید کہا۔بعد ازاں وزیراعظم نے سپیکر چیمبر میں پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس کی کارروائی دیکھی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر کی آئینی حالت کو تبدیل کر کے جو چال چلی ہے وہ اس میں ناکام ہو گا۔انہوں نے پارلیمینٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ جمہوری ممالک میں پالیسیاں ہمیشہ پارلیمینٹ سے فلو کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت جتنا مرضی زور لگا لے کشمیری کسی صورت اس کے ساتھ رہنے کو تیار نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا وکیل ہے اہل کشمیر مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کی طرف دیکھتے ہیں۔اور پاکستان نے کبھی بھی کشمیریوں کو مایوس نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور میدان میں اس کی ہار یقینی ہو چکی۔انہوں نے کہا ہم بھارت کی جانب سے تقسیم کشمیر کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو بھرپور حمایت اور مدد کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا پاکستان کبھی بھی کشمیری عوام کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت سے دستبردار نہیں ہو گا۔