روایتی مذمت نہیں، کشمیر کے معاملے پر ڈٹنا ہوگا،مودی نے ہماری شہ رگ کو ہاتھ ڈالا اس سے پہلے وہ شہ رگ کاٹے ہمیں اس کے ہاتھ کاٹنا ہونگے:شہباز شریف

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اقوام متحدہ کے منہ پر تھپڑ رسید کر دیا ہے، اب متفقہ قراردادوں سے بات نہیں بنے گی۔ ہم نہ فلسطین ہیں اور نہ ہی اس خطے میں اسرائیل بننے دینگے۔مسئلہ کشمیر پر بلائے گئے قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے صرف کشمیر پر قبضہ نہیں کیا بلکہ پاکستان کی غیرت اور عزت کو للکارا ہے۔ کشمیر میں نسل کشی کی جا رہی ہے۔ کئی دہائیوں سے کشمیر میں ماؤں بہنوں کے آنچل پھٹے ہیں۔ وہاں انٹرنیٹ بند اور لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا گیا ہے۔میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہو چکا، اب روایتی مذمت، قراردادوں کے بجائے ٹھوس فیصلے کرنا ہونگے، ہم نے چوڑیاں نہیں پہنی ہوئیں، قوم نے بڑی قربانیاں دیں، پاکستان کشمیریوں کا ہے اور کشمیری پاکستان کے ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آج ہمارے پاس دو راستے ہیں کہ جھک جائیں یا ڈٹ جائیں، پلوں کے نیچے سے پانی گزر چکا ہے، ہمیں آج فیصلہ کرنا ہے، مودی نے ہماری شہ رگ کو ہاتھ ڈالا اس سے پہلے وہ شہ رگ کاٹے ہمیں اس کے ہاتھ کاٹنا ہونگے۔