کشمیریوں کی مدد کے لیے اگر فوری طور پر کوئی عملی قدم نہ اٹھایا گیا تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی : سینیٹر سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کشمیر کی صورتحال اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بارےمیں کہا ہے کہ حکومت کو اب سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ، حالات نے ہمیں ایک بار پھر ” ابھی یا کبھی نہیں “ کے مقام پر لاکھڑا کیاہے، کشمیریوں کی مدد کے لیے اگر فوری طور پر کوئی عملی قدم نہ اٹھایا گیا تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا حکومت کی طرف سے بغیر کسی تیاری کے پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرنا مناسب نہیں تھا ، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو بھی ایک دوسرے پر الزامات کی نذر کرنا اچھی روایت نہیں، آج اتحاد کا دن تھا ، حکومت اور اپوزیشن کی طر ف سے قوم اور کشمیروں کو مضبوط موقف اور اتحاد کا پیغام ملناچاہیے تھا ، بھارت نے خطے میں جو حالات پیدا کردیے ہیں ان کا تقاضا ہے کہ حکومت پوری جرا ت کا مظاہرہ کرے، اس موقع پر کسی کمزوری کا اظہار ملک و قوم کے لیے خطرناک نتائج پیدا کر سکتاہے، مودی حکومت نے بھارت کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔