کشمیر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال ،جدہ میں او آئی سی کنٹیکٹ گروپ برائے کشمیر کا ہنگامی اجلاس
کشمیر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بعدجدہ میں او آئی سی کنٹیکٹ گروپ برائے کشمیر کا ہنگامی اجلاس ،اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب، آذربائجان، ترکی اور دیگر ممبر ممالک کے مندوبین اورنمائندگان نے شرکت کی ۔ہنگامی اجلاس نے بھارتی اقدام کی مذمت کی ہے ۔ او آئی سی اجلاس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہنا تھا کہ میں حج کیلئے آیا تھا مگر موجودہ صورتحال میں قومی فریضہ سمجھتے ہوئے میں نے فوری طور پر پاکستان جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مودی حکومت کے اقدامات کی بھارت میں بھی مذمت ہورہی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں خدشہ تھا کہ بھارت کچھ اقدامات کررہا ہے اس لیے ہم نے اقوام متحدہ کو آگاہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ مودی کی سوچ نے نہرو کے ہندوستان کو برباد کرکے رکھ دیا ہے۔ بھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ بھی اب دفن ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت متعین کرنے والے آرٹیکل370کے خاتمے اور کشمیر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر جدہ میں او آئی سی کنٹیکٹ گروپ برائے کشمیر کا ہنگامی اجلاس ہوا ہے ۔اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب، آذربائجان، ترکی اور دیگر ممبر ممالک کے مندوبین اورنمائندگان نے شرکت کی ہے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کرنے اور ان میں شرکت کیلئے وقت نکالنے پر تمام شرکا اور منتظمین کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر (جو کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ ملیٹرائزڈ ایریا ہے)میں بھارت کی جانب سے مزید فورس بھجوانا، تعلیمی اداروں کو بند کروانا اور ایمرجنسی کی کیفیت بھارت کے ارادوں کا پتہ دے رہے تھے۔شاہ محمودقریشی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے لوک سبھا کا اجلاس بلا کر مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کا تعین کرنے والے 370آرٹیکل اور 35اے کا خاتمہ بین الاقوامی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ 22000سے زائد خواتین بیوہ ہوئیں -ایک لاکھ آٹھ ہزار بچے یتیم ہوئے اور 12000سے زائد خواتین کی عصمت دری کی گئی۔ میں نے بھارت کے اقدامات کے پیشِ نظر، خطرے کو بھانپتے ہوئے ، اقوام متحدہ سلامتی کونسل، جنرل سیکرٹری او آئی سی کو پاکستان کے خدشات سے آگاہ کر دیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے اقدامات جنوبی ایشیا میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کو مزید خراب کرنے کے مترادف ہے جس پر آپکی فوری توجہ کی متقاضی ہے ۔اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے کشمیر کے حوالے سے اقدامات کی پوری دنیا مذمت کر رہی ہے، بھارت کے حالیہ اقدامات کو سیکیورٹی کونسل میں بھی اٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے رویے کی بھارت کے اندر بھی مذمت ہو رہی ہے،او آئی سی کے اجلاس میں بھارتی اقدامات کی بھرپور مذمت کی گئی ہے،او آئی سی نے اقوام متحدہ سے انکوائری کمیشن قائم کرنے کی سفارش کی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ مودی کی سوچ نے نہرو کے ہندوستان کو برباد کرکے رکھ دیا ہے۔ بھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ بھی اب دفن ہوگیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ میں حج کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب آیا تھا مگر اب پاکستان روانہ ہو رہا ہوں ۔