بیروت دھماکوں کے بعد سیٹلائٹ سے لی گئیں تصاویر جاری
بیروت دھماکوں کے بعد سیٹلائٹ سے لی گئیں تصاویر جاری کر دی گئیں۔ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکہ اس قدر زوردار تھا کہ اس نے زمین کو پھاڑ ڈالا تھا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لبنان کے دارالخلافہ بیروت میں ہونے والے دھماکوں کی سیٹلائٹ سی لی گئیں تصاویر جاری کر دی گئی ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زور دار دھماکے نے کس قدر تباہی مچا دی تھی۔تصویر میں دکھایا گیاکہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ بندرگاہ کا ایک حصہ جہاں دھماکہ خیز مواد موجود تھا وہ مکمل طور پر پھٹ گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ روز ہوئے دھماکوں کے باعث بیروت کی بندرگاہ مکمل طور پر تباہ ہو چکی۔ تباہ ہونے والی بندرگاہ سے ہی لبنان کی اکثریتی تجارت ہوتی تھی۔گذشتہ روز ہونے والے دھماکوں نے لبنان کے دارالحکومت کے بڑے حصے کو بھی تباہ کر دیا۔بندرگاہ کے علاوہ شہر کی کئی عمارتیں اور اہم تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں۔ تباہ کن واقعے کے باعث بیروت کے ہزاروں گھر متاثر ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ لبنان کی حکومت نے بیروت میں 2 ہفتے کی ایمرجنسی نافذ کی ہے۔ اس دوران شہر میں فوج تعینات رہے گی جبکہ بندرگاہ کے جن افسران کو گزشتہ روز کے دھماکوں کا ذمے دار قرار دیا گیا ، انہیں گھروں میں نظربند کر کے باہر فوجی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ۔