اپوزیشن نے آنکھوں پر عمران خان ،عثمان بزدار سے بغض کی پٹی باندھ رکھی ہے. ترجمان پنجاب حکومت
ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کرپشن میں لتھڑی ہوئی اپوزیشن نے اپنی آنکھوں پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے بغض کی پٹی باندھ رکھی ہے اس لئے انہیں کچھ دکھائی نہیں دیتا ، مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اپنے دور میں لوٹ سیل لگا رکھی تھی اور قومی خزانے کو لوٹا نہیں بلکہ نوچہ گیا ،حکومت نے کورونا وائرس کی وباء کی روک تھام کیلئے دن رات محنت کی اور کورنا وائرس کے کیسز میں واضح کمی اس کے ثمرات ہیں۔ میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے بغض میں اس قدر اندھی ہو چکی ہے کہ انہیں ہر اچھا کام بھی برا نظر آتا ہے اور اس میں کیڑے نکالے جاتے ہیں ، جب یہ اپنی آنکھوں سے بغض کی پٹی اتاریں گے تو حقائق ان پر واضح ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں کھانچے مارے جس سے ملکی معیشت کی بنیادیں تک ہل گئیں لیکن اس کے باوجود ان کی ہوس ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ،جس نے بھی کرپشن کی ہے وہ احتساب کے شکنجے میں آئے گااور آج مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا دور نہیں کہ مک مکا کر کے کوئی درمیانی راستہ نکال لیا جائے گا۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں متعدد میگا پراجیکٹس کا افتتاح کیا جائے گا جو حقیقی معنوں میں عوام اور صوبے کی ترقیا ور خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔