کراچی کے بڑے نالوں کی صفائی کا کام 80فیصد مکمل، 20ہزار ٹن سے زائد کچرا نکال لیا گیا
کراچی : وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی میں نالوں کی صفائی ،ایف ڈبلیو اونے تین بڑے نالوں میں 35 چوک پوائنٹس کھول دیئے، جن سے بیس ہزار ٹن سے زائد کچرا نکالاجا چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون بارشوں کے پیش نظر ایف ڈبلیو او کی جانب سے برساتی نالوں کی صفائی چوتھے روز بھی جاری ہے ، ایف ڈبلیو او ہیوی مشینری کے ہمراہ مصروف عمل ہے، کراچی کے بڑے نالوں کی 80فیصد صفائی ہوچکی ہے۔ این ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے 3بڑے نالوں میں42مقامات پر چوک پوائنٹس تھے، جن میں سے بیشتر کو کلیئر کیا گیا، گجر نالہ کو 80فیصد ،کورنگی85فیصد اور مواچھ گوٹھ کو 75فیصد تک صاف کیا جاچکا ہے۔