ایمن الظواہری کی ہلاکت: پاکستانی زمین نہیں بلکہ فضا کے استعمال کا 'سوال' ہے: فواد چوہدری
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کابل میں امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ سربراہ ایمن الظواہری کی ہلاکت کے حوالے سے متعلقہ وزارتوں سے واضح بیان کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ڈرون حملے میں پاکستان کی سر زمین کے استعمال کا سوال نہیں ہے بلکہ سوال یہ ہے کہ پاکستان کی فضا استعمال کرنے کی اجازت دی گئی یا نہیں۔سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل بابر افتخار کے حالیہ بیان کا حوالہ دے رہے تھے، جنہوں نے گزشتہ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ پاکستان کی سرزمین اس قسم کی چیز کے لیے استعمال ہوئی ہو'۔فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا کہ سوال یہ ہے کہ پاکستان کی فضا استعمال کرنے کی اجازت دی گئی یا نہیں؟ان کا کہنا تھا کہ بار بار یہ بیان کہ پاکستان کی سرزمین استعمال نہیں ہوئی، غیر واضح بات ہے، متعلقہ وزارتوں کو واضح بیان جاری کرنا ہو گا۔