یومِ استحصال کشمیر پر وقارالنساء کالج میں اظہارِ یکجہتی کی تقریب، اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت

Aug 06, 2025 | 20:03

مدینہ منورہ – نمایندہ نوائے وقت یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر راولپنڈی کے وقارالنساء کالج میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن لیبر ونگ راولپنڈی ڈویژن کے کوآرڈینیٹر تنویر اختر شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ آج یومِ استحصال کشمیر کو چھ سال مکمل ہو چکے ہیں اور کشمیری دنیا بھر میں اسے یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار مسلمانوں کی شناخت کو مسخ کرنے کے تمام حربے استعمال کر رہی ہے، جبکہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو نہ صرف دبایا جا رہا ہے بلکہ ان کے انسانی حقوق بھی پامال کیے جا رہے ہیں، جو خطے کے امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔ تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر وفاقی پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری، ایم این اے میڈم طاہرہ اورنگزیب، کمشنر راولپنڈی عامر خٹک، حریت رہنما الطاف احمد بٹ، راجہ عبدالباسط مسکین اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔

مزیدخبریں