امریکا نے افغانستان کے مسئلے پر تحریک انصاف کا مؤقف تسلیم کیا: وزیراعظم
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات ہوئی جس میں افغان امن عمل پر بات ہوئی، خوشی ہے کہ 15 سال سے ہم جو کہہ رہے ہیں کہ افغان مسئلے کا حل فوجی نہیں اب امریکا بھی تسلیم کرتا ہے، امریکا نے تحریک انصاف کا مؤقف تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان میں امن اور افغان طالبان سے بات چیت کے لیے ہماری مدد چاہتا ہے، پاکستان آج ثالثی کے لیے مرکزی کردار ادا کررہا ہے، میں ہمیشہ سمجھتا تھا کہ بجائے ڈومور کے ہمارا کردار ثالثی کا ہونا چاہیے تھا کہ ہم افغانستان میں امن کے لیے کردار ادا کریں لیکن ہمیں ایسے ٹریٹ کیا گیا کہ کسی اور کی جنگ لڑنے کے لیے امداد دی جارہی ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ کسی اور کی جنگ کے حصے دار بننے کی بجائے ہمارا اصل کردار ثالثی کرانا ہے، ہم نے یمن میں امن عمل آگے بڑھانے کی بات کی، ایران اور سعودی عرب سے بھی اس حوالے سے بات کی، ایرانی وزیر خارجہ نے ہمیں یمن جنگ ختم کرنے میں کردار ادا کرنے کا کہا۔