تائیوان: صرف دو ڈالر کی چوری کے سراغ کےلئے پولیس نے 600 ڈالر خرچ کردیئے
تائیوان میں پولیس کے ایک احمقانہ مقدمے میں صرف دو ڈالر دہی کی بوتل پی کر خالی کرنے والے کی تلاش پر پولیس نے ڈی این اے ٹیسٹ پر سینکڑوں ڈالر خرچ کردیئے ہیں جس پر پولیس کوعوامی ٹیکس کی رقم ضائع کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔کالج میں رہائش بہت سے طالبعلموں کے مشترکہ فریج میں اکثر دفعہ لوگ ایک دوسرے کا کھانا کھاجاتے ہیں جس سے بدمزگی پیدا ہوتی ہے۔ تائپے میں چینی کلچر یونیورسٹی میں چھ طالبات ایک ہی مشترکہ فریج استعمال کررہی تھیں۔ یہاں ایک خاتون کا خریدا ہوا دہی بلااجازت کوئی دوسری نامعلوم طالبہ استعمال کرکے اس کی خالی بوتل فریج میں چھوڑگئی۔ جس کے بعد چوری شدہ دہی پر ایک ہنگامی ملاقات رکھی گئی۔ کمرے میں رہنے والی تمام خواتین نے اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا جس کے بعد دہی لانے والی خاتون بوتل لے کر پولیس اسٹیشن چلی گئی اور وہاں چور کے خلاف رپورٹ درج کرادی۔دہی کی قیمت دو ڈالر تھی جس کی ڈی این اے تفتیش کے لیے پولیس نے 585 ڈالر (پاکستانی 80 ہزارروپے) خرچ کرکے چھ ڈی این اے ٹیسٹ اور دیگر ٹیسٹ کرائے۔ یہ رقم عوامی ٹیکس سے خرچ کی گئی جس پر محکمہ پولیس پر تنقید کی جارہی ہے۔ عوام نے کہا ہے کہ ادارہ اصل اور بڑے مجرموں کو پکڑنے کی بجائے اپنی توانائیاں فضول کاموں پر ضائع کررہا ہے۔ ایک پولیس اہلکار نے نام نہ بتانے پر کہا ہے کہ یہ مکھی کو توپ سے اڑانے کے مترادف ہے۔