مستقبل کی قائد سازی کے لئے نیشنل یوتھ اسمبلی بہترین پلیٹ فارم ہے۔ فیاض الحسن چوہان
وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مستقبل کی قائد سازی کے لئے نیشنل یوتھ اسمبلی کو بہترین پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کو مرکزی دھارے میں لانے کے لئے انقلابی اقدامات کرے گی۔میٹروپولیٹن کارپوریشن ہال لاہور میں نیشنل یوتھ اسمبلی کے آئندہ سال کے پہلے یوتھ پارلیمانی اجلاس کی تقریب حلف برداری سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نیشنل یوتھ اسمبلی کو مستقبل کے قائدین کی تیاری کے لئے اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرراجہ راشد حفیظ، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین ایم پی اے واثق قیوم عباسی، نیشنل یوتھ اسمبلی کے صدر حنان علی عباسی، آئی جی پنجاب کی نمائندہ ایس پی آپریشنز پنجاب ریحانہ بی بی اور نوجوان سنگر سانول عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نیشنل یوتھ اسمبلی کے نومنتخب صوبائی قائد زوہیب خان نیازی اور ڈپٹی قائد میاں عبداللہ نے بتایا کہ ملک بھر کی طرح نیشنل یوتھ اسمبلی کو پنجاب بھر میں فعال کیا جائے گا۔ اس موقع پر پنجاب بھر سے نیشنل یوتھ اسمبلی کے ننبران نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی جلد تکمیل کے لئے ایک متفقہ قرارداد بھی منظور کی۔ اس موقع پر صدر نیشنل یوتھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ نیشنل یوتھ اسمبلی مستقبل میں پاک سرزمین کو بہترین قائد فراہم کرے گی۔