تمام اقتصادی اشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں, امریکہ نےافغانستان میں امن ومفاہمت کےعمل میں پاکستان کی معاونت طلب کی ہے:وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام اقتصادی اشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں اورپاکستان اب ابھرتی ہوئی معیشت کے مرحلہ میں داخل ہوگیا ہے, اسلام آباد میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کثیر الملکی کمپنیوں نے ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیاہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم معدنیات خصوصا گیس اور تیل کی تلاش کیلئے ممتاز بین الاقوامی کمپنیوں کو بھی دعوت دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لئے افغانستان میں سیاسی حل کی خاطر اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے فروغ کے لئے ہمیشہ اپنا موثر کردار ادا کیا ہے اور یہ بات باعث اطمینان ہے کہ عالمی طاقتیں خصوصا امریکہ نے اس حوالے سے پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ افغان مفاہمتی عمل کے بارے میں امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کے اسلام آباد کے حالیہ دورے کے موقع پر وزیرخارجہ کی اس موضوع پر ان سے انتہائی تعمیری ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نے افغانستان میں امن ومفاہمت کے عمل میں پاکستان کی معاونت طلب کی ہے۔عمران خان نے کہاکہ یہ پیش رفت میرے اس موقف کی عکاسی ہے کہ افغانستان میں سیاسی تصفیے کیلئے طالبان سمیت تمام فریقین سے مذاکرات ضروری ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان یمن میں قیام امن کیلئے سعودی عرب اورایرانی قیادت سمیت تمام فریقین کو مذاکرات کی میزپرلانے کیلئے رابطے میں ہے۔انہوں نے کہا میرے حالیہ دورہ سعودی عرب میں سعودی قیادت سے یمن کے معاملے پر بات چیت ہوئی ہے اور بہت مثبت ردعمل ملا ہے۔ انہوں نے کہاایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے بھی اسلام آباد کا دورہ کیا ہے اور یمن کے امن عمل کے طریقہ کار پرتبادلہ خیال کیا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان خطے میں پائیدار امن واستحکام کیلئے یمن میں امن کی خاطر ثالثی کا کردارادا کرتا رہے گا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے کرتارپور راہداری کا افتتاح کرکے ایک تاریخی قدم اٹھایا تاکہ وہ پاکستان میں اپنے مقدس مذہبی مقامات کی زیارت کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ سکھوں ، ہندووں اوربدھوں سمیت تمام اقلیتوں کو پاکستان میں اپنے مذہبی مقامات کی زیارت میں سہولت فراہم کرنا تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے ۔