دستاویز کی قانونی حیثیت ہے تو عدالت میں پیش کریں: احسن اقبال
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ نام نہاد احتساب سیل کی پریس کانفرنس میں اپوزیشن لیڈر پر جھوٹے الزامات لگائے گئے، دستاویز کی قانونی حیثیت ہے توعدالت میں پیش کریں۔ تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما احسن اقبال نے جوابی گولہ باری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت میں بھیگی بلی بن جاتے ہیں، ٹی وی پر بڑھکیں مارتے ہیں، وزیر اعظم نے ریکارڈ مہنگائی پر معاشی ٹیم کو مرغا بنانے کی بجائے ترجمانوں کا اجلاس بلا لیا ہے، یہ سمجھتے ہیں حکومت سوشل میڈیا ٹرولنگ سے چلتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پہلے اسپیکر سے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوتے تھے ہم احتجاج کرتے تھے، اب پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے باوجود ارکان کو اسمبلی نہیں لایا جا رہا، اسپیکر کے آرڈر کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا جاتا ہے۔