وزیراعظم صاحب ہمیں این آر او نہیں آپ کا استعفیٰ چاہیے: قمر زمان کائرہ

پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر اور سابق ممبر قومی اسمبلی قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم صاحب ہمیں این آر او نہیں، آپ کا استعفیٰ چاہیے۔ وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ روز دیے گئے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا مشرف ہمیں این آر او دینے والا کون تھا، ہم نے تو اس سے استعفیٰ لیا تھا۔ ان کا کہنا تھا آپ جتنے چاہو مقدمے درج کرو، لاہور کا جلسہ پوری طاقت سے ہو گا، وزیراعظم اور ان کے ترجمانوں کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے کہ یہ جانے والے ہیں۔ رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ڈلیور کرنے میں ناکام ہو چکے، اب ان کا صرف دھمکیوں پر گزارا ہے لیکن اب عوام نکل آئے ہیں، جعلی دھمکیاں اور بدتمیزیاں ان کو بچا نہیں سکتیں۔