پشاور :خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث 7 مریض جاں بحق
تفصیلات کے مطابق خیبرٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث مریضوں کی حالت بگڑ گئی اور ایک گھنٹے کے دوران 7مریض دم توڑ گئے، متاثرہ افراد میں زیادہ تر کورونا کے مریض شامل تھے ۔ آکسیجن کی کمی کے سبب دیگر وارڈز کے مریض بھی متاثر ہوئے ہیں۔یہ افسوس ناک واقعہ گزشتہ شب پیش آیا ۔ اس حوالے سے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سردی کے سبب مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت زیادہ رہتی ہے ، ہسپتال کو راولپنڈی سے اکسیجن فراہم کی جاتی ہے ، تاہم راولپنڈی سے اکسیجن کے سلنڈر بروقت نہیں پہنچے، ترجمان کا کہنا تھا کہ آکسیجن سلنڈر کی تاخیر سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جارہی ہے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال میں گزشتہ رات یہ واقعہ پیش آیا ، اسپتال کی بورڈ آف گورنرز کو فوری تحقیقات کرنے اور 48 گھنٹے کے اندر انکوائری رپورٹ جمع اوراس پر کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اگر صوبائی حکومت اس انکوائری سے مطمئن نہ ہوئی یا اگر ضرورت ہوئی تو حکومت فوری طور پر خود آزاد انکوائری کا حکم دے گی۔